خادم ویلفیئر سوسائٹی کا پس منظر

مختلف سیاسی، سماجی اور سماوی آفات کے نتیجے میں آج کا دور انسانیت کی بقا اور اس کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار مسائل پیدا کر چکا ہے۔ ان مشکلات کی فہرست انفرادی سطح سے شروع ہو کر اجتماعی سطح کے مسائل تک کا احاطہ کرتی ہے۔معاشرے کا تقریباً ہر فرد کسی نہ کسی طرح ان سے متاثر ہو رہا ہے، اور مسائل میں روز بروز اضافہ معاشرے پر مایوسی کی کیفیت طاری کرتا ہے۔ان مصائب کا سامنا کرنے اور ایسی صورت حال میں سرخروئی کے حصول کے لئے معاشرتی سطح پر اپنی نیتوں کی اصلاح کرنا اور نا امیدی کو ختم کر کے پر عزم ہو جانا اور مثبت سوچ کے ساتھ اپنے ہی وسائل کو بروئے کار لا کر خدمت کے جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے ’’اپنی مدد آپ کرنا‘‘ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور یہی خادم کے وجود میں آنے کا سبب ہے۔

خادم کیا ہے؟

خادم بلا امتیاز نسل ، مذہب و سیاسی وابستگی ، خلق خدا خصوصا انسانیت کی بھلائی اور خدمت کے لئے قائم کردہ ایک خود مختار غیر سرکاری اور حکومت سے منظور شدہ یعنی رجسٹرڈ رفاہی ادارہ ہے۔ خادم کا بنیادی مقصد ، محروم ، سماجی اور ضرورتمندوں کو خوراک، صحت، چھت اور تعلیم سے متعلق بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔ مگر اس کا دائرہ کار صرف یہیں تک محدود نہیں بلکہ اس میں مختلف وقتی تقاضوں کو سمونے کی گنجائش موجود ہے۔

خادم کا مقصد؟

خادم کا مقصد ایثار و تعاون کی ایسی مثال قائم کرنا ہے کہ معاشرے کا ہر فرد خلق خدا کا خادم بن جائے۔

خادم کا دائرہ کار؟

خادم کے دائرہ کار میں معاشرے کے ضرورتمند افراد کے لئے خوراک، صحت، چھت، تعلیم اور حقوق و فرائض سے آگاہی کی خدمات شامل ہے

خادم کے اہداف و خدمات؟

:خادم کے اہداف و خدمات دو طرح کی سرگرمیوں پر مشتمل ہیں

  • بلا واسطہ امدادی سرگرمیاں
  • بلواسطہ امدادی سرگرمیاں

بلا واسطہ امدادی سرگرمیاں

یتیموں ، بیواؤں، مسکینوں کے لئے مالی اور اخلاقی امداد *

معاشی لحاظ سے کمزور حلقوں میں زیادہ مستحق یتیم، بیوائیں اور مسکین لوگ ہیں جو اپنی کفالت کا مناسب بندوبست کرنے سے عاجز ہوتے ہیں۔ ایسے افراد کی ڈھارس بندھا کر ان کو مایوسی کی کیفیت سے نکالنے کے ساتھ ساتھ ان کی ضرورت کے مطابق لباس، خوراک، صحت اور تعلیم سے متعلقہ جملہ ضروریات کا بندوبست کرنا خادم کا ایک مستقل ہدف ہے

راشن کی تقسیم اور سستی روٹی پروگرام *

بعض ہنگامی اور ضرورت کے مخصوص اوقات میں مستحق خاندانوں میں راشن کی تقسیم اور ان کے لئے رعایتی ریٹ پر روٹی کی فراہمی اس پروگرام کا حصہ ہے۔

مفت طبی امداد اور فری میڈیکل کیمپ *

مالی بدحالی کی وجہ سے بسا اوقات معاشرہ کے غریب افراد مختلف بیماریوں کا شکار ہونے کے باوجود امراض کی تشخیص کے لئے ماہر ڈاکٹروں سے رجوع نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے بعض اوقات عام اور قابلِ علاج بیماریاں بڑھ کر موذی اور جان لیوا بن جاتی ہیں۔خادم اپنے مسائل کے مطابق میڈیکل کیمپس کا انعقاد کر کے ناصرف ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے ایسے طبقہ کے لئے علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچاتا ہے بلکہ حتی الوسع مفت میڈیکل ٹیسٹس اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بناتا ہے۔

فری ٹیوشن کلاسز اور وظائف *

گرمی کی چٹھیوں میں طلباء کی فراغت کے اوقات کو قیمتی بنانے اور انہیں اپنی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ترقی دلوانے کے لئے نہ صرف مشکل مضامین کی ٹیوشن مفت پڑھائی جاتی ہے بلکہ انکی اخلاقی و معاشرتی پہلو سے تربیت کے لئے سمر کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ امتحانات میں اعلیٰ نمبرات کے حصول اور سٹڈی کرنے کے جدید طریقہ ہائے کار کے بارے میں مختلف سیمینارز کے ذریعےانہیں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

تعلیمی سپانسرشپ پروگرام *

خادم اپنی ایجوکیشن ٹیم کی سروے کے تحت جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق یتیم بچوں اور بچیوں کے علاوہ انتہائی ضرورت مند افراد کے بچوں کے لئے تعلیمی سپانسرشپ کا بندوبست کرتا ہے جس کے ذریعہ ان بچوں کا اچھے سکولوں میں داخلہ کرواکر ان کی جملہ ضروریات بستہ، کتابیں اور یونیفارم وغیرہ کا بندوبست کیا جاتا ہے۔

رمضان فوڈ پیکج *

معاشرے کے ناداروں کی خالص خدمت پر یقین رکھتے ہوئے خادم ویلفیئر سوسائٹی ہر سال رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے سروے کے ذریعے منتخب شدہ سینکڑوںمستحق خاندانوں کو راشن فراہم کرتا ہے۔ 2010ء سے امسال تک ہر سال اوسطاً 750 خاندانوں پر مشتمل سینکڑوں افراد میں آٹا ، چاول ، دالیں ، گھی، چینی، کپڑا اور چائے وغیرہ جیسی ضروری اور اہم چیزیں تقسیم کی جاتی رہی ہیں۔

فری پبلک لائبریری سسٹم *

کتاب سے دوستی اور اسے عام آدمی کی دسترست میں پہنچا کر فکر و دانش کا حسین انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے ، جس سے اصلاح معاشرہ میں ایک دور رس تبدیلی آنے کا امکان ہے ۔ خادم فری پبلک لائبریری سسٹم کے ذریعے اس مشن میں خاطر خواہ خدمات انجام دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کے اثرات اور ان سے بچاؤ *

خادم مختلف آگاہی مہموں کے ذریعے عوام الناس میں یہ شعور بیدار کرنے کے لئے کوشاں ہے کہ اپنے گردونواہ کے ماحول کو صاف ستھرا اور پاکیزہ بنانے میں اپنا کردار ادکریں ۔ اس آگاہی کے ذریعے نا صرف ایک صاف ستھرے معاشرے کا قیام ہو گا بلکہ آلودگی کی وجہ سے عالمی ماحول پر جو برے اثرات پڑ رہے ہیں ان سے چھٹکارا بھی حاصل کیا جا سکے گا۔

شہری حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہی *

معاشرتی ترقی کے لئے حقوق و ذمہ داریوں کا تعین اور ان سے آگاہی ضروری ہوتی ہے اور ان حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہی حاصل کر کے ہی ان پر عمل پیرا ہوا جا سکتا ہے ۔ اس سلسلہ میں سیویک سینس پیدا کرنے کے لئے سیمینارز وغیرہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ ٹریننگ *

سیلاب ، زلزلے اور ان جیسی دوسرے قدرتی آفات سے علاقائی سطح پر نمٹنے کے لئے خادم ویلفیئر سوسائٹی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل نے عوام الناس کی تربیت اور اپنے ممبران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ورکشاپ کا باقاعدہ انعقاد کرتا ہے۔ جس کے تحت ہر سال سکول و کالج کے نوجوان طلباء اور علاقے کے افراد کو تجربہ کار انسٹرکٹرز اور ماہرین کی زیر نگرانی تین روزہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ (Instructors)

صاف پانی کی فراہمی *

شہری علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی مختلف وجوہات کی بنا پر ایک مسئلہ بن چکا ہے۔ آلودہ پانی کا استعمال صحت کے حوالہ سے گونا گوں مسائل پیدا کر رہا ہے۔ خادم اپنی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فلٹریشن پلانٹس کے ذریعہ عوام کو مفت صاف پانی فراہم کر رہا ہے تاکہ آلودگی کے اثرات سے بچ کر ایک صحت مند معاشرہ کی تشکیل کی راہ ہموار کی جا سکے۔

انسداد جرائم اور اصلاح معاشرہ پروگرام *

نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت اور ان کی اصلاح کے لئے خادم ویلفیئر سوسائٹی انہیں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے برے اثرات اور ذاتی و اجتماعی نقصانات کی طرف توجہ دلا کر مفید مشاغل کی طرف راغب کرتی ہے جبکہ ان افراد کو ملک و قوم کے لئے مفید سرمایہ بنانے کے لئے اس عنوان کے تحت ورکشاپس ، مذاکروں وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ووکیشنل سنٹرز کا قیام *

خادم ویلفیئر سوسائٹی نے معاشرہ کی یتیم ، بیوہ، معذور اور ضرورتمند بہنوں کے لئے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا آغاز کیا ہے ۔جس کے ذریعے مستحق خواتین کو سلائی کڑھائی و دیگر ہنر مندی کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے گھر بار کی کفالت کا بوجھ اٹھائیں۔ خادم ووکیشنل سنٹر سے اب تک درجنوں مستحق خواتین سلائی کڑھائی کی ضروری تربیت حاصل کر کے نہ صرف خادم بلکہ سکل ڈیویلوپمنٹ کونسل سے سرکاری طورپر سرٹیفیکیٹ حاصل کر چکی ہیں ۔

مچھر مار سپرے اور علاقائی صفائی مہم *

عوام الناس میں گلی محلے کی صفائی ستھرائی کا شعور پیدا کرنے کے لئے خادم وقتاً فوقتاً صفائی مہم کا اہتمام کرتا ہے۔صفائی مہم کے ساتھ ساتھ بہار کے موسم میں مچھر مار سپرے کے ذریعے ملیریا، ڈینگی اور دیگر امراض سے بچاؤ کے لئے مہم چلائی جاتی ہے۔

بلا واسطہ امدادی سرگرمیاں

آفت زدگان کے لئے *
سروے و منصوبہ بندی *
وسائل کی تلاش و فراہمی *
میڈیا سیل *
دیگر رفاہی اداروں سے تعاون *
ڈیٹا منیجمنٹ *
آمد و خرچ میں شفافیت اور فنڈ ریزنگ مہم وغیرہ *

خادم کی امدادی سرگرمیوں کا طریقہ کار

خادم کی امدادی سرگرمیوں کا طریقہ کار چار مراحل پر مشتمل ہے

مختلف سماجی مسائل کی نشاندہی اور انتخاب *
منتخب سماجی مسئلے کے حل کے لئے مشاورت اور حل کی تجویز *
مجوزہ حل کے لئے طریقہ کار، وسائل کی تلاش اور انکے حصول کی کوشش *
دستیاب وسائل کو نیک نیتی کے ساتھ خرچ کر کے مقاصد کا حصول *

آئندہ کے منصوبے

خادم سوشل کمپلیکس *

خادم ویلفیئر سوسائٹی اپنی خدمات کو موثر اور مستقل بنانے کے لئے جملہ سرگرمیوں اور سہولیات سے لیس چار منزلہ سوشل کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے جس میں ناداروں کو ہنرمند بنانے کے لئے ووکیشنل سنٹر، مریضوں کو طبی امداد دینے کے لئے ہسپتال، بے آسرہ اور آفت زدہ لوگوں کو عارضی رہائش گاہ فراہم کرنے کے لئے ہاسٹل اور مختلف انتظامی سرگرمیوں کو سر انجام دینے کے لئے ایڈمنسٹریشن بلاک شامل ہے۔

ہنگامی حالات کے لئے تیاری *

آئندہ ممکنہ طور پر پیش آنے والے موسمی حالات اور ان سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور ان میں متاثرین کی خدمات کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ جس میں میڈیکل کیمپ، ریلیف کیمپ، خوراک، پوشاک اور تعلیمی ضروریات پوری کرنے کا منصوبہ شامل ہے اس سلسلے میں بہتر خدمات سر انجام دینے کے لئے خادم کی مختلف ٹیمیں پہلے سے تشکیل دے دی گئی ہیں۔ جو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں

خادم ٹیمیں

(Admin Team) خادم ایڈمن ٹیم
(IT & Media Team) آئی۔ ٹی اینڈ میڈیا ٹیم
(Khidmat Team) خدمت ٹیم
(Education Team) ایجوکیشن ٹیم
(Medical Team) میڈیکل ٹیم
(Fund Raising Team) فنڈ ریزنگ ٹیم
(Masharan Team) مشران ٹیم
(Legal Team) لیگل ٹیم
(Khawateen Team) خواتین ٹیم